حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم کے محکمہ ثقافتی ورثہ و سیاحت کے ڈائریکٹر جنرل بہزاد احمدی فارسانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رہبرِ شہید کی تشییع کے موقع پر زائرین کی رہائش کے لیے وسیع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قم میں ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز، سرکاری رہائشی مراکز اور دیگر مقامات پر سرکاری طور پر 16 ہزار 500 بستروں کی گنجائش موجود ہے، جہاں تقریباً 2 ہزار بین الاقوامی شخصیات اور مہمانوں کو ٹھہرایا جائے گا
انہوں نے کہا کہ مدارس، حوزہ ہائے علمیہ، امام بارگاہوں، مذہبی مقامات، کھیلوں کے ہال اور دیگر عوامی مراکز کو شامل کرتے ہوئے مجموعی طور پر 8 لاکھ 26 ہزار افراد کے قیام کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے کمبل، چٹائیاں، پینے کا پانی اور دیگر ضروری سامان بھی مہیا کیا گیا ہے۔
بہزاد احمدی فارسانی نے بتایا کہ اب تک رہبرِ شہید کی تشییع میں شرکت کے لیے 2 لاکھ سے زائد غیر ملکی زائرین رجسٹریشن کرا چکے ہیں اور ان کی رہائش و خدمت کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 45 سرکاری ادارے، محکمہ اوقاف، حوزہ ہائے علمیہ، نجی شعبہ اور عوامی تنظیمیں اس عظیم اجتماع میں خدمات انجام دیں گی۔ شہر کے داخلی راستوں پر 8 رہنمائی مراکز قائم کیے جائیں گے، جبکہ شہری رہنمائی کے لیے خصوصی ہیلپ لائن بھی فعال رہے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ قم کے تقریباً 30 ہزار گھروں نے زائرین کی میزبانی کے لیے رضاکارانہ طور پر آمادگی ظاہر کی ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ "ہر گھر، آقایِ شہید کا ایک موکب" مہم میں شامل ہو کر اندرون اور بیرون ملک سے آنے والے زائرین کی خدمت میں حصہ لیں۔
آخر میں انہوں نے زائرین سے درخواست کی کہ بہتر سہولت کے لیے اپنے ساتھ ذاتی استعمال کا ضروری سامان، مثلاً سفری کمبل، جانماز یا چٹائی اور پانی ضرور رکھیں۔









آپ کا تبصرہ